رہنما مسلم لیگ(نواز) رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ نیب شہزاد اکبر کے ماتحت پولیٹکل انجینئرنگ کرنے والا ادارہ بن چکا ہے جس کا کام اپنے سیاسی مخالفین کو نیچا دکھانا ہے۔احتساب بیوروپر کسی کو یقین نہیں رہا، اس کا قانون سے بھی کوئی تعلق نہیں ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا ءاللہ نے کہا کہ مر یم نواز کو حکومت کے کہنے پر طلب کیا گیا ہے، پورے پنجاب سے ایم این اے اور ایم پی ایز کارکنان کے ہمراہ 26مارچ کو مریم نواز سے اظہار یکجہتی کے لیے نیب آفس کے باہر پہنچیں گے اگر کوئی رکاوٹیں ڈالی گئیں تو ان کی ذمے دار انتظامیہ یا نیب والے خود ہوں گے۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ مریم نواز کو اگرطلبی کے موقع پر گرفتارکیا گیا تو یہ غیر قانونی عمل ہوگا جس پر مسلم لیگ ن احتجاج کا پورا حق رکھتی ہے۔نیب کو چیلنج کرتا ہوں کہ اگر مریم نواز کو طلب کیا ہے تو
اب حوصلہ بھی رکھے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ چیئرمین نیب غیر قانونی نوٹس بھیجنا بند کریں، چیئرمین نیب ، شہزاد اکبر کے کہنے پر کام کرتے ہیں۔یہ حکومت نیب چیئرمین کے عہدے میں توثیق نہیں کرے گی ، انہیں چاہیے کہ حکومت کے ہاتھوں استعمال ہونے سے پہلے بابے رحمتے کا حال دیکھ لیں وہ اب کسی کے جنازے میں بھی نہیں جاسکتے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ استعفے دینے کا وقت ابھی نہیں آیا مگراس ناکام حکومت کو گھر بھیجنے پر تمام اپوزیشن جماعتوں کا اتفاق ہے۔پیپلز پارٹی ہمارے ساتھ چلنے کو تیارہے ہم انہیں مائنس نہیں کرسکتے،پی ڈی ایم کی کشتی میں جوسوراخ ہوا تھا وہ مولانا فضل الرحمن نے پر کردیا ہے۔