نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے کورونا کی آٹھ فیصد سے زائد مثبت شرح والے اضلاع میں سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسے اضلاع میں ان ڈور شادیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ پارکس بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں تمام صوبائی چیف سیکرٹریز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ این سی او سی نے کورونا کی صورتحال پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا اور شدید متاثرہ شہروں میں سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آٹھ فیصد مثبت کیسز کی شرح والے شہروں کو ہائی رسک قرار دیا جائے گا اور وہاں نقل و حمل محدود کی جائے گی ۔ ایسے شہروں میں ایمرجنسی صورتحال کے علاوہ نقل و حمل پر مکمل پابندی ہوگی۔
این سی او سی نے فیصلہ کیا ہے کہ کورونا سے متاثرہ اضلاع میں ان ڈور کھانوں اور شادی کی تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی۔ متاثرہ اضلاع میں آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت رات 10 بجے جبکہ تجارتی سرگرمیوں کی رات 8 بجے اجازت ہوگی۔ متاثرہ اضلاع میں آؤٹ ڈور شادی کی تقاریب ہو سکیں گی جن میں 300 مہمان شریک ہوسکیں گے۔ تقریب کیلئے دو گھنٹے کا وقت دیا جائے گا اور اسے رات 10 بجے تک ختم کرنا ہوگا۔
این سی او سی اعلامیے کے مطابق متاثرہ اضلاع میں ہفتہ وار دو دن چھٹی ہوگی جبکہ چھٹی کے دنوں کا تعین صوبائی صوابدید ہوگا۔ ایسے علاقوں میں مزارات، سینما ہال اور پارکس بند رہیں گے۔ پارکس کے واکنگ اورجاگنگ ٹریکس کھلے رہیں گے۔ کھیلوں، فیسٹیول و دیگر تقاریب کے انعقاد پر پابندی ہوگی جبکہ سرکاری و نجی دفاتر اور عدالتی عملہ50 فیصد سٹاف کے ساتھ کام کرے گا۔اندرون شہر پبلک ٹرانسپورٹ میں نصف سواریاں جبکہ ریل گاڑیوں میں 70 فیصد سواریاں بٹھانے کی اجازت ہوگی۔