سپریم کورٹ کے جسٹس فائزعیسٰی کی اہلیہ سرینا عیسٰی نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کےخلاف توہین عدالت کی درخواست دائرکردی۔
سرینا عیسٰی کی جانب سے فواد چوہدری کےخلاف درخواست سپریم کورٹ میں دائرکی گئی ہے۔
درخواست میں سرینا عیسٰی نے استدعا کی ہے کہ فواد چوہدری کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، فواد چوہدری نے جسٹس فائز عیسٰی کو ‘انڈر ٹرائل جج’ کہہ کر توہین عدالت کی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ فواد چوہدری نے کہا کہ انہوں نے کیس کی پوری کارروائی دیکھی، جب کہ فواد چوہدری کیس کی ایک بھی سماعت میں عدالت نہیں آئے۔
سرینا عیسٰی کا کہنا ہےکہ فواد چوہدری کا بیان ظاہر کرتا ہےکہ حکومت نے عدالت میں خفیہ کیمرے لگا رکھے ہیں،حکومت جاسوسی کر رہی ہے اور کیس کی سماعت براہ راست دکھائے جانےکی مخالف ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہےکہ فواد چوہدری کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بلاک کیا جائے، فواد چوہدری کو اپنےحلف کی خلاف ورزی پر عہدے سے فارغ کیا جائے۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹ میں سپریم کورٹ کے جسٹس فائزعیسٰی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایک ہفتے سے سپریم کورٹ کے ایک انڈر ٹرائیل جج کی تقریریں سن رہے ہیں اگر جواب دیا تو دکھ ہوا سے توہین ہوگئی کے بھاشن آجائیں گے، محترم اگر اپ کو بھی اپنے گاڈ فادر افتخار چوہدری کی طرح سیاست کاشوق ہے تو مستعفیٰ ہو کر کونسلر کا الیکشن لڑ لیں مقبولیت اور قبولیت دونوں کا اندازہ ہو جائے گا۔