یوم پاکستان کے موقع پر ملک دشمن عناصر نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے سندھ رینجرز کی موبائل پر حملہ کیا ہے جبکہ سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور میں نامعلوم افراد نے رینجرز موبائل پر کریکر حملہ کیا ہے اور حملہ خیر پور کے علاقے بڑ چوک میں کیا گیا جبکہ بزدلانہ حملے کے نتیجے میں رینجرز اہلکار سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
خیر پور پولیس کے مطابق حملے کے بعد پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے اور کریکر حملے میں زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال خیرپور منتقل کردیا گیا ہے. جبکہ آئی جی سندھ نے خیرپور میں رینجرز موبائل پر کریکر دھماکے کانوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی خیرپور سے تفصیلات طلب کرلیں ہیں۔
دوسری جانب رینجرز موبائل کے قریب دھماکےکی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے ، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہےکہ رینجرزگاڑی کے قریب اچانک دھماکاہوا ، دھماکے کے وقت ایک رینجرز اہلکار گاڑی کے قریب موجود تھا جو کہ دھماکے میں زخمی ہوا۔
واضح رہے ایک ہفتے کے دوران سندھ میں رینجرز موبائل پر یہ دوسرا حملہ ہے اور اس سے قبل پندرہ مارچ کو کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں رینجرز کی موبائل پر کریکر حملہ ہوا تھا جبکہ حملے کے نتیجے میں رینجرز کا ایک اہلکار شہید اور پانچ افراد زخمی ہوئے تھے۔