مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہےکہ پیپلز پارٹی کوسینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے، قوم پی ڈی ایم کو نقصان پہنچانے والے کو معاف نہیں کرے گی۔
مزار اقبال پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے واضح کیا کہ ن لیگ بلاول اور آصف زرداری کے کسی بیان پر تبصرہ نہیں کرے گی، پیپلز پارٹی کو پی ڈی ایم کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی میٹنگ میں فیصلہ ہوا تھا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ن لیگ کا ہوگا ، پیپلز پارٹی سندھ حکومت بچانا چاہتی ہے تو پہلے قومی اسمبلی سے استعفے دے، جس نے پی ڈی ایم کے مقصد کو نقصان پہنچایا قوم اسے معاف نہیں کرے گی،ہم نہیں چاہتے کہ ہماری وجہ سے حکومت کو کوئی بیل آؤٹ ملے۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے سب کو مریم نواز کے ہمراہ نیب آفس جانے کی دعوت دی ہے، نیب کرپشن فری نہیں اپوزیشن فری پاکستان بنانا چاہتا ہے۔