صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں شکارپر جانے والے 4 لاپتہ دوستوں کی لاشیں ملنے کے بعد ورثاء نے میتیں رکھ کر دھرنا دے دیا۔
گزشتہ دنوں چاروں دوست شکار کیلئےگئے تھے اور 3 روز قبل ان کی لاشیں زمین میں دبی ہوئی ملی تھیں۔ پولیس کے مطابق مقتولین کی عمریں 14سے18سال کے درمیان تھیں جن میں سے ایک کو تیز دھار آلے سے قتل اور ایک کو فائرنگ کرکے جبکہ دوکوپتھر مار کر قتل کیاگیا۔
مقتولین کے ورثاء نے میتیوں کی تدفین سے انکارکردیا ہے اور لاشیں رکھ کر بارش میں بھی احتجاجی دھرنا جاری رکھا ہوا ہے۔
مظاہرین کاکہناہے کہ علاقے میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے، نوجوانوں کوگزشتہ سال بھی اغواء کیاگیا تھا جبکہ علاقے میں جرائم کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔
مظاہرین کاکہنا تھا ایف آئی آر کے اندراج سے مطمئن نہیں ہیں۔
دوسری جانب پولیس کاکہناہے کہ واقعے کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔