لاہور: ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی ویزا کے کاروبار میں ملوث اے اینڈ ایچ ٹریول کے دفتر پر چھاپہ مار دفتر کو سیل کردیا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے مطابق جعلی ویزہ کے کاروبار میں ملوث اے اینڈ ایچ ٹریول کے کے پاس اوور سیز ایمپلائمنٹ کے کاروبار کا کوئی لائسنس موجود نہیں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اے اینڈ ایچ ٹریول کے خلاف کارروائی جعلی ترکی ویزے پر ڈی پورٹ ہونے والے مسافر کی نشان دہی پر کی گئی ہے جبکہ چھاپہ مار ٹیم نے124 پاسپورٹ ، فائلیں، 2 لیب ٹاپ اور 5 کمپیوٹر قبضے میں لے کر مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر جاوید سلطان نے ایک ٹیم تشکیل دی جس نے کارروائی کرتے ہوئے 4ملزمان عاصم،ریاض، محمد وسیم، وقاص صدیق اور حسن شہباز کو گرفتار کیا۔
تمام ملزمان کے خلاف امیگریشن آرڈینس کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تحقیقات کی جارہی ہیں کہ وہ جعلی ویزا کا کام کب سے کررہے تھے اور کن کن ممالک کے جعلی ویزے سادہ لوح لوگوں کو دے کر پیسے بٹور رہے تھے۔