وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فوادچوہدری کاکہناہے کہ بلاول بھٹو نے اپناامام تبدیل کیا ہے،بلاول بھٹو کے پہلے امام فضل الرحمن تھے اب سراج الحق ہیں۔
وفاقی وزیر فوادچوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن ریفارم میں حصہ نہ لے کر اپوزیشن اپنا اور جمہوریت کا نقصان کریں گے،اپوزیشن الیکٹورل ریفارم سے شروع کرے، باقی معاملات پر بھی بات ہوگی، ہم الیکشن اصلاحات پر آگے بڑھنا چاہتے ہیں،گزشتہ روزالیکشن اصلاحات کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن نہیں آئی۔
فوادچوہدری نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی سیاست نابالغ ہے،ن لیگ آہستہ آہستہ قانون کے دائرے میں آرہی ہے،ن لیگ کی سیاست بچگانہ فیصلوں کی وجہ سے متاثر ہوئی،وفاقی وزیر نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کا جھگڑا چل رہا ہے، اگر آپ سمجھتے ہیں حکومت ایک ہاتھ سے تھالی بجائے گی تو ایساممکن نہیں۔
انہوں نے کہاکہ پہلے اپوزیشن نے کہا حکومت کچھ نہیں کررہی ،اب ان کا تعاون چاہیے،وزیراعظم نے انتخابی اصلاحات کےلئے اقدامات کیے ہیں،پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی گاڑی چلنے والی نہیں،گزشتہ روز ان کا موقف تھا ضمانت نہیں کرائیں گے پتھر ہی ماریں گے،خوشی ہے مریم نوازنے قانونی راستہ اختیار کیا۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ ہمارے پاس 10 ہزار میگاواٹ بجلی زیادہ ہے،بجلی کی پیداوار زیادہ اور کھپت کم ہے،بجلی کی بندش کا مسئلہ ڈسٹری بیوشن کی وجہ سے ہے، ان کاکہناتھا کہ حکومت کا عوام کو مفت ویکسین فراہم کرنے کا وعدہ ہے، مولانا فضل الرحمن فراڈ ہیں، ویکسین اور کورونا فراڈ نہیں ۔