ملک بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 63 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ مثبت کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے ایک دن میں کورونا کے 4 ہزار368 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 418 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 99 لاکھ 76 ہزار 791 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 368 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس جون میں پاکستان میں کورونا کی صورتحال سب سے زیادہ تشویشناک تھی۔ اُس دوران کورونا کے کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ ہورہا تھا اور سب سے زیادہ مثبت کیسز رپورٹ ہورہے تھے۔ جون 2020 کے بعد گزشتہ 9 ماہ میں آج ایک دن میں سب سے زیادہ مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
اس سے قبل 16 جون 2020 کو ایک دن میں سب سے زیادہ 4 ہزار 443 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 45 ہزار356 ہوگئی ہے۔ ان اعدادو شمار سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان میں کورونا کی صورتحال ایک بار پھر تشویشناک ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ64 ہزار 062، پنجاب میں 2 لاکھ 07 ہزار 765، خیبر پختونخوا میں 82 ہزار 677، اسلام آباد میں 54 ہزار 347، بلوچستان میں 19 ہزار 427، آزاد کشمیر میں 12 ہزار 095 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 983 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔