سینیٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کے قائد حزب اختلاف مقرر ہونے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ جب محور صرف اپنے مفادات ہوں اورعوام کی کوئی فکر نہ ہو تو یہی حال ہوتا ہے جو پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا ہوا ہے ۔
انہوں نے ٹوئٹر پرکہا کہ پی ڈی ایم تو تب ہی ختم ہوگئی تھی جب عوام نے اسے مسترد کر دیا تھا۔ ان کے جلسے ناکام ان کے استعفے بنے لطیفے،ماضی بھی ناکام تھا اورحال یہ ہو گیا ہے اور مستقبل آپ کے سامنے ہے۔
سینیٹر فیصل جاوید کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے این آراو کے حصول کے لیے انہوں نے ان تھک محنت کی جو ساری بےکار گئی۔ لوگ کبھی بھی کسی کی کرپشن بچانے کے لیے باہر نہیں نکلتے لوگ کرپشن کے خلاف باہر نکلتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ’الوداع اے پی ڈی ایم الوداع۔ مسلم لیگ نون ، انا للہ وانا الیہ راجعون، نون کی حالت قابلِ ترس ہے۔‘
پی ڈی ایم 6ماہ میں ٹائیں ٹائیں فش فش ہوگئی۔شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (نواز) اور پاکستان پیپلز پارٹی کی راہیں جدا ہوگئی ہیں، میں نہ بھی کوئی بات کروں مگر لوگ کررہے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق سینیٹ میں سید یوسف رضا گیلانی کے اپوزیشن لیڈر منتخب ہونے پرشیخ رشید احمد نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ن لیگ سے بہتر سیاست کی ہے،آصف علی زرداری تاش کے پتے سینے سے لگا کر رکھتا ہے،مولانا فضل الرحمن کے پانچ ووٹوں کی جانب کسی نے بھی توجہ نہیں دی ، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کی 6ماہ کی جدوجہد ٹائیں ٹائیں فش فش ہوگئی ہے۔