وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی طرح منہگائی کے جن کو بھی کنٹرول کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کہا تھا اپوزیشن نہ استعفے دے گی نہ لانگ مارچ کرے گی، مسلم لیگ نون والے سیاسی دہشت گرد ہیں۔
وفاقی وزیر غلام سرور نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ بات سامنے آچکی شہباز، حمزہ کی لائن کچھ اور ہے اور مریم کی کچھ اور، کہا تھا کہ اپوزیشن سینیٹ انتخابات میں بھی حصہ لے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک وقوم سے مخلص نہیں، نون لیگ کی قیادت سیاسی دہشت گردی کی مرتکب ہورہی ہے، ن لیگ اداروں پر حملہ آور ہونے کی کوشش کررہی ہے۔ نون لیگ والے سیاسی دہشت گرد ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قوم کو ان کے چنگل سے نکالیں گے، ن لیگ والے سیاسی ڈرامے باز ہیں، قومی ایشوز پر حکومت نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈیم ایم والے ذاتی مفاد کے لیے اکھٹے ہیں، ان کا مقصد حکومت گرانا نہیں بلکہ این آر او لینا ہے، پی ڈی ایم کی کوئی بات سچی ثابت نہیں ہوئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارتوں کی تبدیلی خان صاحب کا اختیار ہے وہ کر سکتے ہیں، پیٹرولیم ایشو کی تحقیقات ہو رہی ہیں پہلا ایکشن ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تعمیری سیاست ہونی چاہئے، پارلیمنٹ میں ڈائیلاگ ہونا چاہیے، کوئی این آراو نہیں ہو گا جو بھی ہورہا ہے پیپلز پارٹی کی اپنی ڈیل ہو سکتی ہے۔