میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف احتجاج جاری ہے اور فورسز کے تازہ کریک ڈاؤن میں مزید 50 مظاہرین ہلاک ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق میانمار میں آرمڈ فورسز ڈے پر بھی ملک بھر میں مظاہرے جاری ہیں اور مختلف شہروں میں ہونے والے مظاہروں پر فورسز کے تازہ ترین کریک ڈاؤن میں مزید 50 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ فوج 350 سے زائد شہریوں کو مار کر آرمڈ فورسز ڈے منا رہی ہے، یہ فوج کے لیے شرم کرنے کا دن ہونا چاہیے۔
دوسری جانب آرمڈ فورسز ڈے پر فوج نے مظاہرین کو خبردار کیا ہے کہ انہیں سر میں گولی ماری جا سکتی ہے۔
خیال رہے کہ میانمار میں یکم فروری سے شروع ہونے والے مظاہروں میں اب تک ہلاک افراد کی تعداد 362 ہو چکی ہے۔