غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ سال 2020 میں عالمی وبا کے دوران امیر لوگوں کی دولت میں مشترکہ طور پر 1.3 ٹریلین کا اضافہ ہوا جو مجموعی طور پر اضافے کے ساتھ 4.3 ٹریلین ہو گئی۔
ایک طرف تو امیر ترین افراد کی دولت میں مزید اضافہ ہوا لیکن دوسری طرف صرف امریکہ میں 80 لاکھ سے زائد افراد کو روزگار سے ہاتھ دھونا پڑا۔
جاری کردہ فہرست کے مطابق ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کی دولت میں 154 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا جبکہ ایمیزون کے جیف بیزوس نے 68 ارب ڈالر سے زائد دولت میں اضافہ کیا۔
فیس بک کے بانی مارک زکر برگ نے اپنی دولت میں 37 ارب ڈالرز کا اضافہ کیا جبکہ کوئیکن لونز کے ڈینیئل گلبرٹ نے 35 ارب ڈالر کی رقم کا اضافہ کیا۔
18 مارچ 2020 کے بعد جب کورونا شروع ہوا تو ٹیسلا کے ایلون مسک، ایمیزون کے بیزوس اور فیس بک کے مارک زکر برگ سمیت 15 امیر افراد کی دولت میں 563 ارب ڈالر کا مشترکہ اضافہ ہوا۔
حیران کن امر یہ ہے کہ فہرست میں شامل پہلے دس ناموں میں سے 8 شخصیات کا تعلق ٹیکنالوجی سے ہے۔