فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)نے سندھ میں چینی سٹہ مافیا کیخلاف مزید کارروائیاں کرتے ہوئے مزیدچارافراد کو حراست میں لے لیا، گرفتارافراد کی تعدادسات ہو گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی اے کاکہناہے کہ گرفتار ملزمان شوگر بروکرز ہیں ،ملزمان ملز مالکان کیساتھ مل کر چینی کے منصوعی بحران میں ملوث ہیں ،ملزمان کیخلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ ودیگردفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے۔
ایف آئی اے نے کہاکہ ملزمان کے بینک اکاﺅنٹس منجمد ودیگردستاویزات ضبط کرلی ،ملزمان کیخلاف منی لانڈرنگ، اکاﺅنٹس چھپانے اوربے نامی اکاﺅنٹس کی تحقیقات جاری ہیں، ملزمان کا ریمانڈحاصل کرلیاگیااوران سے مزید تفتیش جاری ہے۔
اس سے قبل ایف آئی اے نے کراچی میں شوگرسٹہ مافیاکیخلاف کارروائی میں دیال داس ،سنتوش کماراورراج کمار کو گرفتارکرلیا،ملزمان نے سوشل میڈیا فورمز اور جعلی بینک اکاﺅنٹس کا استعمال کیا،ترجمان کے مطابق ملزمان کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں اضافہ ہوا ،ملزمان کے خلاف ایف آئی اے کراچی کی جانب سے دو مقدمات درج کئے گئے ہیں،مقدمات اینٹی منی لانڈرنگ کی دفعات کے تحت درج کیے گئے ،ایف آئی اے کی جانب سے مزید تفتیش کی جارہی ہے،ملزمان کوعدالت میں ریمانڈ کیلئے پیش کیاجائے گا۔
ترجمان ایف آئی اے کاکہناہے کہ اوپن مارکیٹ میں چینی قیمت بڑھانے کی سرگرمیوں کی اطلاع ملی تھی ،ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کی جانب سے ٹیم بنائی گئی ،ڈپٹی ڈائریکٹر کی جانب سے چھاپہ مار کارروائی میں ملزمان گرفتار ہوئے۔