بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی بنگلادیش آمد پر شروع ہونے والے مظاہروں کے دوسرے روز بھی مزید 5 افراد ہلاک اور12 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلادیش میں جمعے کے روز بھارتی وزیراعظم کی آمد پر شروع ہونے والا ملک گیراحتجاج تاحال جاری ہے، دوسرے روز بھی مبینہ پولیس فائرنگ سے مزید 5 مظاہرین ہلاک ہوگئے۔ دو روز میں پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 9 ہوگئی۔
چٹاگانگ کے ضلع برہمن باریہ کے اسپتال کے ایم ایس نے میڈیا کو بتایا کہ گولیاں لگنے سے زخمی 17 افراد کو اسپتال لایا گیا جن میں سے 3 مردہ حالت میں لائے گئے تھے 2 نے اسپتال میں دم توڑ دیا جبکہ 12 زخمی ہیں جن میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
برہمن باریہ کے ایک صحافی نے بتایا کہ حفاظت اسلام کے 3 ہزار سے زائد مظاہرین نے ضلع میں سرکاری دفاتراورعمارتوں کو آگ لگادی تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ ہلاکتیں پولیس فائرنگ سے ہوئیں یا کوئی اور معاملہ ہے۔
مودی کی آمد پر شروع ہونے والے مظاہروں کے بعد سے ملک کے مختلف حصوں میں پیرا ملٹری فورس کو تعینات کردیا گیا ہے۔ سیکڑوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ مظاہرین گجرات میں مسلم کش فسادات پر مودی کیخلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔