پاکستانی فضائیہ کی سعودی عرب اور امریکا کی فضائی افواج کے ساتھ مشقوں کا آغازہو گیا۔ ان کثیر الملکی مشقوں کا آغاز پاکستان ایئر فورس کے مصحف ایئر بیس پر ہوا۔ بحرین، مصر اوراردن کی فضائی افواج کو بطور مبصر ان مشقوں میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف ایئر وائس مارشل وقاص احمد سلہری تھے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مشقیں اس عسکری مشق کے شرکا یا ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلنس کے لیے نئی نہیں۔
ایئر وائس مارشل وقاص احمد سلہری نے مشقوں کے حوالے سے کہا کہ ’ایسز میٹ مشقیں اس لیے منفرد ہیں کیونکہ ان مشقوں میں حصہ لینے والی فضائی افواج بذات خود آپریشنل سرگرمیوں میں مصروف رہی ہیں اور جنگی کارروائیوں، خواہ وہ دہشت گردی کی خلاف ہوں یا فضائی میدان میں ہوں، کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔‘
’اس پلیٹ فارم کو باہمی مفادات کے حصول اور شرکا کے تجربات سے استفادہ کرنے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔‘ اردن اور سعودی عرب کے دفاعی اتاشیوں اور امریکہ کے ایئر اتاشی نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔