سندھ حکومت نے50 لاکھ کرونا ویکسین خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذراپیچوہو نے بتایا کہ این سی او سی نے صوبوں کو ویکسین خریدنے کی اجازت دےدی ہے، جس کے بعد سندھ حکومت نے چینی ویکسین ” کین سائینو” کی پچاس لاکھ ڈوز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے اور چین سے یہ سنگل ڈوزویکسین براہ راست لی جائےگی۔
صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ چینی ویکسین کین سائینو خریدنے کے لیے سندھ حکومت نے پانچ سو ملین روپے رکھے ہیں، اس کے علاوہ اکتیس مارچ کو مزید بیس ہزار کرونا ویکسین سندھ کو ملیں گی جبکہ دو تین دن میں دس لاکھ ویکسینز وفاقی حکومت کو ملیں گی جن میں سے وفاق دو لاکھ ویکسین سندھ کو دے گا۔
صوبائی وزیر صحت نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ویکسین کی کامیابی اس وقت ہوگی جب اسی فیصد ویکسین کا عمل مکمل ہو، ساتھ ہی وزیر صحت نے واضح کیا کہ ویکسین صرف امیروں کیلیے نہیں، سب کو ویکیسن لگوانی چاہیے۔
نیوز کانفرنس میں صوبائی وزیر صحت نے اعلان کیا کہ چار اپریل کو قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی یوم شہادت کےموقع پر پنجاب میں کیا جانے والے جلسہ ملتوی کردیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو کو پنجاب میں کرونا صورتحال سے آگاہ کیا تھا ، میں بلاول بھٹو کی مشکور ہوں کہ انہوں نےجلسہ ملتوی کیا۔
ڈاکٹر عذراپیچوہو نے پنجاب کی صورت حال کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ کرونا کے باعث ایک ہفتے میں پنجاب میں ستائیس ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں، تاہم ابھی تک سندھ میں برطانیہ سے آنیوالی کرونا کی نئہ قسم نہیں پھیلی کیونکہ سندھ حکومت نے برطانیہ سے آنیوالے چند کیسز کو شروع میں ہی آئیسولیٹ کردیا تھا، ابھی بھی برطانیہ سے آنے والے لوگوں کو مانیٹر کیاجارہا ہے اس کے باوجود عوام سے اپیل ہے کہ ایس او پیز کاخیال رکھیں، اگر سندھ میں کرونا کی تیسری لہر آئی تو صورتحال خطرناک ہوسکتی ہے۔
صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ صوبے کے تین بڑے اسپتالوں کے لیے ایک مرتبہ پھر وفاق کو خط لکھا ہے، خط میں سندھ حکومت نے کہا کہ ان اسپتالوں پر سال دوہزار گیارہ سے لیکر اب تک صوبائی حکومت نے جتنے اخراجات کئے، ان کی ادائیگی کی جائے، وفاق ان تینوں اسپتالوں کو نہیں چلا سکتا ہے، ہم ڈاکٹر فیصل سلطان کےجواب کے منتظر ہیں۔