اسلام آباد میں سالانہ تبلیغی اجتماع یکم سے 4 اپریل تک ہونا تھا
اسلام آباد میں سالانہ تبلیغی اجتماع یکم سے 4 اپریل تک ہونا تھا

کورونا کے بڑھتےکیسز کے باعث اسلام آباد میں سالانہ تبلیغی اجتماع ملتوی

کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث اسلام آباد میں سالانہ تبلیغی اجتماع ملتوی کردیا گیا۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وہ تبلیغی جماعت کے انتہائی مشکور ہیں کہ انہوں نے میری درخواست پر اسلام آباد میں ہونے والا سالانہ تبلیغی اجتماع ملتوی کردیا۔
وزیر داخلہ کے مطابق اسلام آباد میں سالانہ تبلیغی اجتماع یکم سے 4 اپریل تک ہونا تھا تاہم کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر انہوں نے تبلیغی جماعت کے منتظمین سے اجتماع ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی جسے منظور کرلیا گیا۔
خیال رہےکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور کورونا مریضوں کے لیے مختص اسپتالوں میں وینٹی لیٹرز بھرگئے ہیں اور مزید گنجائش نہیں جب کہ کورونا مریضوں کے علاج کے لیے مزید 15 سرکاری اور نجی اسپتال مختص کردیے گئے ہیں۔
کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن ہے جب کہ تمام تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند کرنے سمیت کورونا کے حوالے سے پابندیوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔