وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی علامہ طاہراشرفی نے کہا ہے کہ مساجد بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، رمضان المبارک میں مساجد کھلی رہیں گی اور تراویح بھی ہوں گی۔
علامہ طاہر اشرفی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پراپیگنڈہ کیا جارہاہے حکومت مساجد بند کرنے جا رہی ہے،حکومت مساجد نہیں کررہی، پاکستان میں سب سے زیادہ مساجد نے ایس او پیز پر عمل کیا،ایس اوپیز پر چلتے ہوئے مساجد کھلی رہیں گی.
انہوں نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر سب سے زیادہ عمل مساجد میں ہی ہوا ہے۔علامہ طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ کورونا ویکسین نہ لگوانے کی باتیں پاگل پن ہیں،مخیر حضرات خرید کر مستحق لوگوں کو ویکسین لگوائیں۔
ان کاکہناتھا کہ پاکستان ڈے پریڈ میں پوری امت کو ہم نے جمع کیا ، پاکستان پریڈ میں سب کی نمائندگی تھی فلسطین کا جھنڈا لہریا گیا ہمارے تعلقات عرب ممالک کے ساتھ پہلے کی نسبت بہتر ہیں ،مصر کےساتھ 10 سال بعد تعلقات اچھے ہوئے ہیں ،وزیراعظم مستقبل قریب میں سعودی عرب کا دورہ کریں گے،گرین پاکستان میں تجربات سے سعودی عرب سے تعاون کریں گے ،پاکستان کے منصوبے دنیا میں ماحولیاتی تبدیلی کیلئے تحفہ ہیں ۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہاکہ ہم امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد چاہتے ہیں ،ضلعی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں ،ساڑھے پانچ ماہ میں ایک کیس بھی توہین مذہب کے غلط استعمال کا درج نہیں ہوا،کرک میں مندر میں حملہ ہواتوفوری ایکشن ہوا اور لوگ گرفتار ہوئے ۔ان کاکہناتھا کہ تاجروں سے اپیل ہے رمضان میں نفع کو 50 فیصد کم کریں ، حکومت بھی مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرے گی ، وزیراعظم کا وقت اسی سب پر گزرتا ہے مہنگائی کو کیسے کنٹرول کرنا ہے ۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر تیزی سے پھیل رہی ہے اورگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح 10.8 فیصد رہی۔