نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ کی فیملی کو کورونا کی ویکسین لگانے کی انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کا تعلق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی پاکستان مسلم لیگ ق سے ہے اوران دنوں ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں طارق بشیر چیمہ کا خاندان کورونا کی ویکسین لگوا رہا ہے۔
Federal Minister for Housing and Works Tariq Bashir Cheema supervises the Covid-19 vaccination of his entire family – at his home pic.twitter.com/hpZ681frMF
— omar r quraishi (@omar_quraishi) March 29, 2021
واضح رہے کہ پاکستان میں اس وقت کورونا کی ویکسین صرف 60 سال یا اس سے زائد عمر کے لوگوں کو لگانے کی اجازت ہے تاہم سوشل میڈیا پر زیرگردش ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طارق بشیر چیمہ کی موجودگی میں ان کے خاندان کے افراد جن کی عمریں 60 سال سے کم ہیں ویکسین لگوا رہے ہیں۔
یہ ویڈیو سب سے پہلے نوال طارق چیمہ کے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی لیکن بعد میں اس اکاؤنٹ کو ہی بند کر دیا گیا۔
گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ ان کی اطلاعات کے مطابق یہ واحد واقعہ نہیں ہے بلکہ ایسے دیگر واقعات بھی ہو رہے ہیں جہاں کم عمر لوگ ویکسین لگوا رہے ہیں اور اپنا اندراج ہیلتھ ورکرز میں کروا رہے ہیں۔
اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ وہ متعدد بار اس بات کو این سی او سی کے اجلاس میں بھی اٹھا چکے ہیں۔