حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ۔
وفاقی وزیر خزانہ حماداظہر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 50 پیسے ،ڈیزل کی قیمت میں تین روپے فی لٹر کمی کررہے ہیں ۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہاکہ ملکی ترقی معیشت کو ٹھیک کرنے سے مشروط ہے،اسد عمر اور حفیظ شیخ نے ملکی معیشت کو مستحکم کیا،تاریخ کے سب سے بڑے کرنٹ اکاوَنٹ خسارے کا سامنا کیا،ان کاکہناتھا کہ یوروبانڈمیں کامیابی ملی ،ڈھائی ارب ڈالر کا بانڈ جاری کیا تھا، اس میں کامیابی ہوئی۔
حماداظہر نے کہاکہ بھارت سے 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کریں گے،30جون تک بھارت سے چینی ، کاٹن اور یارن درآمد کرنے کی منظوری دیدی گئی،نجی شعبے کو بھارت سے چینی درآمد کرنے کی بھی اجازت دیدی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری کرنسی اپنے زور پر کھڑی ہے، ڈالر نہیں جھونک رہے، ہماری ہر پالیسی کی بنیاد پاکستان اور عام آدمی کی فلاح ہوگی ۔
حماد اظہر نے کہا کہ میں براہ راست ووٹ لے کر آیا ہوں اور واپس عوام میں جاؤں گا، ارکان پارلیمنٹ سے براہ راست رابطے میں رہوں گا، تمام پالیسیاں عوامی مفاد میں بنائی جائیں گی۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ حماد اظہرنے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کو خو دمختار کیا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور زرمبادلہ ذخائر میں استحکام آیا ہے، آئی ایم ایف سے رابطے میں ہیں، اس نے 50 کروڑ ڈالر کی قسط ادا کردی ہے۔