ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد بشیرکو مسلسل چوتھی مرتبہ اسلام آباد احتساب عدالت کا جج تعینات کر دیا گیاہے ۔
صدرمملکت عارف علوی نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد بشیر کو ایک مرتبہ پھر سے احتساب عدالت نمبرایک کا جج تعینات کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔جج محمد بشیر کو خصوصی عدالت میں تین سال کے عرصہ کیلیے تعینات کیا گیا تھا جس کیلیے وزارت قانون کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری ہوا ۔
مسلسل نو سار بطور جج احتساب عدالت خدمات انجام دینے کے بعد جج محمد بشیر نے جنوری میں اپنے فرائض کو ترک کردیا تھا،انہیں 2012 میں اسلام آباد کی احتساب عدالت کا جج تعینات کیا گیا تھا اور جس دوران آصف زرداری کے کیسزان کی عدالت میں زیر سماعت تھے ان کی مدت ملازمت میں مزید تین سال کیلیے توسیع کر دی گئی۔
جج محمد بشیرنے سابق صدر آصف علی زرداری کو تمام پانچ کیسز میں بری کر دیا تھا، اس کے بعد انہیں ایک مرتبہ پھر سے تین سال کی توسیع اس وقت دی گئی جب وہ نوازشریف ، مریم نوازاورکیپٹن صفدر کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز کا کیس سن رہے تھے ، اس وقت جج محمد بشیر سپریم کورٹ کے جج اعجاز الحسن کی زیر نگرانی کام کر رہے تھے ۔
اس کیس میں انہوں نے نوازشریف کو دس سال قید کی سزا سنائی تھی ، جج محمد بشیر نیشنل اکاونٹی بلیٹی آرڈیننس 1999 میں نافذ العمل ہونے کے بعد پہلے جج ہیں جو احتساب عدالت میں مسلسل 9 سال تعینات رہے ،ان کی مدت ملازمت میں توسیع کا حکم اس وقت کے چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثارنے دیا تھا تاہم اب وہ مزید چوتھی مرتبہ بھی احتساب عدالت میں خدمات انجام دے کر نیا ریکارڈ قائم کریں گے ۔