کابل: افغانستان کے صوبے ہلمند میں سڑک کنارے نصب بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ہلمند کے علاقے لشکر گاہ کی مرکزی شاہراہ پر اس وقت دھماکا ہوا جب وہاں سے ایک گاڑی گزر رہی تھی۔
دھماکے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جب کہ اس میں سوار پانچوں افراد ہلاک ہوگئے جن کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب ہرات کے ضلع کوہنہ میں بھی ایک بس پر بم سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 7 خواتین زخمی ہوگئیں جن میں سے 3 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
تاحال کسی گروپ نے دونوں حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں طالبان حکومت مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دو دھماکوں میں 6 فوجی اہلکار اور 7 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ رواں ہفتے مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50 سے تجاوز کرگئی ہے۔