پاکستان نے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی بلائنڈکرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں بھارت کو 62 رنز سے شکست دیدی۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تین ملکی ٹی ٹوئنٹی بلائنڈکرکٹ ٹورنامنٹ کا چیمپیئن بن گیا، فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 62 رنز سے شکست دی۔
تین ملکی بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت نے ٹاس جیت پر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 15 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے کپتان نثارعلی نے 69رنزکی ناقابل شکست شاندار اننگ کھیلی، جبکہ ظفر اقبال 24 بالز پر 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی جانب اجے کمارنے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت کو مقررہ 15 اوورز میں جیت کے لیے 175 رنز درکار تھے، تاہم 175 کے تعاقب میں بھارت مقررہ 15 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر112 رنز ہی بنا سکا،اور پاکستان نے بھارت کو 62 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان کی جانب سے ساجد نواز نے 2 اور کپتان نثارعلی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں ہونے والے بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ میں میزبان بنگلہ دیش، پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے شرکت کی تھی۔ سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔