یکساں نصاب تعلیم ایک بہت بڑا قدم ہے،فائل فوٹو
یکساں نصاب تعلیم ایک بہت بڑا قدم ہے،فائل فوٹو

 کورونا سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سے آٹھویں تک کلاسز 28 اپریل تک بند

وفاقی حکومت نے ملک کے کورونا سے متاثرہ اضلاع میں پہلی سے آٹھویں تک کلاسز 28 اپریل اور 9 ویں سے 12 ویں تک کلاسز 18 اپریل تک بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ،28 اپریل کو دوبارہ اس معاملے کا جائزہ لیں گے کہ اسکولوں کو عید تک بند رکھا جائے یا عید سے پہلے اسکولز کھولے جائیں۔

کورونا وبا کی تیسری لہر کے باعث تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی و صوبائی وزرائے تعلیم و صحت شریک ہوئے۔

اجلاس میں تعلیمی اداروں کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے اور ساتھ ہی امتحانات کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کوروناسےمتاثرہ اضلاع میں پہلی سے8 ویں جماعت تک کلاسیں 28 اپریل تک بند رہیں گی، 28 اپریل کو دوبارہ اجلاس ہوگا جس میں اسکول کھولنے سے متعلق جائزہ لیں گے، نویں سے بارہویں تک کلاسز 19 اپریل سے کھل جائیں گی اور طلبا سخت ایس او پیز کے ساتھ اسکول آئیں گے۔

شفقت محمود نے کہا کہ نویں سے بارہویں جماعت تک کے امتحانات مئی کے پہلے ہفتے میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اے اور او لیول کے امتحانات مکمل ایس او پیز کے ساتھ ہوں گے جس کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، یونیورسٹی بند رہیں گی اور آن لائن کلاسیں جاری رہیں گی، یونیورسٹیز سے انٹری ٹیسٹ کی تاریخیں بڑھانے کا کہا ہے۔

اسلام آباد کے محکمہ صحت کی جانب سے تعلیمی اداروں کو مزید چند دن بند رکھنے کی تجویز دی گئی اور کہا گیا کہ اسلام آباد میں کورونا کیسز کم ہونے تک تعلیمی اداروں کو نہ کھولا جائے۔ اسلام آباد میں اس وقت کورونا کے مثبت کیسز کی شرح بھی زیادہ ہے۔

مزید برآں اجلاس میں رمضان کے دوران ایس او پیز کا جائزہ لیا گیا جس پر علماء کی تجاویز بھی مدنظر رکھی گئیں۔