رپورٹ :شرجیل مدنی
اورنگی ٹاون تھانے کے شعبہ تفتیش نے 1سال قبل دکان کے تنازع پر اپنے سگے بھائی کو قتل کرنے والے قاتل بھائی کو 1 سال بعد گرفتار کرلیا ہے ۔
اس حوالے سے ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ کا کہنا تھا کہ ملزم شعبان نے گزشتہ سال دکان کے تنازعہ پر اپنے ساتھی کے ساتھ مل کراپنے سگے بھائی یونس کی دکان پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں اس کا بھائی یونس موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھا جبکہ سفیان اوراکرم نامی افراد زخمی ہوئے تھے ۔فائرنگ کے بعد ملزم شعبان موقع سے فرار ہو گیا تھا ۔
اس حوالے سے اورنگی ٹائون پولیس نے واقعہ کا مقدمہ الزام نمبر307/2020درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی تھی ۔ملزمان شعبان اوراس کے ساتھی رمضان کی گرفتاری نہ ہونے کی وجہ سے کورٹ نے ملزمان کو اشتہاری قراردیا تھا۔
اورنگی ٹائون تھانے کے شعبہ تفتیش کا کہنا ہے کہ یونس کے قتل کے بعد اس کے بیٹے نے نمکو کی دکان کھولی تو ملزم نے فون کر کے اسے بھی قتل کی دھمکیاں دیں۔مقتول کے بیٹے نے چچا کی دھمکیوں سے خوفزدہ ہو کر دکان دوبارہ بند کر دی تھی۔
اورنگی ٹائون تھانے کے شعبہ تفتیش نےملزم شعبان کو1 سال بعد ٹیکنیکل سپورٹ سے پنجاب سے گرفتار کر لیا ہے ۔ملزم نے اپنے سگے بھائی کو قتل کرنے کااعتراف کر لیا ہے ۔اورنگی ٹائون تھانے کے شعبہ تفتیش نے ملزم شعبان کی نشابدہی پر آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے ۔جبکہ ملزم شعبان کے مفرور ساتھی رمضان کی تلاش جاری ہے۔