عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی ) کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی سیاسی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کو چھوڑنے پر غور شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی زیر صدارت پارٹی اجلاس ہو رہا ہے جس میں پارٹی رہنماوَں سے مشاورت کی جا رہی ہے۔
ذرائع پیپلز پارٹی کے مطابق پارٹی کے بعض رہنماوَں نے بھی پی ڈی ایم کو الوداع کہنے کی تجویز دی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ شوکازنوٹس کا مقصد ہی پیپلزپارٹی کی تضحیک کر کےعلیحدہ کرنا ہے، پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کےماتحت نہیں کہ اس انداز میں نوٹس جاری کیا جائے۔
اجلاس میں پارٹی رہنماوں کی جانب سے تجویز دی گئی کہ معاملات مزید خراب کرنےسے بہتر ہے پی ڈی ایم کو الوداع کہا جائے۔
پارٹی رہنماوں کی جانب سے یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ علیحدگی کی بجائے خاموش رہا جائے تاکہ پی ڈی ایم میں دراڑ ڈالنے والے خود بےنقاب ہو جائیں۔ پیپلزپارٹی کونوٹس کا جواب نہیں دینا چاہیے۔
ذرائع پیپلز پارٹی کے مطابق مشاورت میں اتفاق کیا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کے ساتھ چلنے یا نہ چلنے سے متعلق فیصلہ سی ای سی میں کیا جائے گا۔