وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک مرتبہ پھر ملک میں نئی مردم شماری کروانے کا مطالبہ کردیا۔
انھوں نے اپنے خیالات کا اظہار کراچی میں گل احمد چورنگی اور لانڈھی کے قریب سڑک کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انھیں حالیہ مردم شماری پر تحفظات ہیں، حکومت نئی مردم شماری کا اعلان کرے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ڈھائی ارب روپے کراچی کی سائٹ ایسوسی ایشنز کو دیے گئے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ صنعتی اداروں کی ایسوسی ایشنز بھی حکومت سے مل کر کام کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ٹیکسوں کی وصولیوں کا سارا نظام وفاقی حکومت کے پاس ہے۔ وفاق نے صوبوں کو دیا کیا ہے؟ وفاق ریونیو اکٹھا نہیں کر سکتا تو ہمارے حوالے کر دے۔
کورونا وائرس کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ علاقوں میں عالمی وبا بہت پھیل چکی ہے۔ اس کو مدنظر رکھتے ہوئے انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کو فوری بند کرنا چاہیے، تاہم ابھی وفاق اس اہم معاملے پرکوئی فیصلہ نہیں کر پائی ہے۔
ان کا کہنا تھا مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں ہم نے پانی کا مسئلہ بھی اٹھایا تھا۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی تھی کہ اس معاملے پر آئندہ سی سی اجلاس میں بات کی جائے گی۔