سعودی عرب اور چین ہماری مدد نہ کرتے  تو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا۔فائل فوٹو
سعودی عرب اور چین ہماری مدد نہ کرتے  تو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا۔فائل فوٹو

بڑے بڑے سیاسی مافیاز مزاحمت کررہے ہیں۔وزیر اعظم

وزیرا عظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں آج قانون کی بالادستی کی جنگ چل رہی ہے، بڑے بڑے سیاسی مافیا ز قانون کی بالادستی کےخلاف مزاحمت کررہے ہیں،یہ پاکستان میں ایک فیصلہ کن مرحلہ ہے، بڑے بڑے مافیاز کو قانون کی گرفت میں لا رہے ہیں۔

”نیا پاکستان اپارٹمنٹس “کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ منصوبے کے افتتاح پر وزیرا علیٰ عثمان بزاراور پنجاب حکومت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، آج ہم جس منزل پر پہنچے ہیں اس کے پیچھے کافی کام ہوا ہے، ہمیں سب سے بڑا مسئلہ فور کلوژر لاتھا جو کئی سالوں سے عدالتوں میں تھا، میں اپنی عدلیہ کا مشکور ہوں جس نے اس قانون کے حوالے سے ہماری مدد کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ فو رکلوژر ایک ایسا قانون ہے کہ جسکی وجہ سے بینک فنانس کرتا ہے اگر یہ قانون نہ ہو تو بینک پیسے نہیں دیتے ، اس قانون کو پاس کرنے کے لئے دو سال کا عرصہ لگا ہے۔اس قانون کے تحت بینک شہریوں کو گھربنانے کیلئے آسان اور کم سود پر قرضے فراہم کریں گے اور شہری جو رقم کرائے کی مد میں ادا کرتے تھے وہ بینک کو قسط دے کر اپنے گھر کے مالک بن جائیں گے۔ساری دنیا میں ایسے ہی ہوتا ہے اور لوگ اپنے گھر خرید سکتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے اپنی آنکھوں سے اس سسٹم کو خراب ہوتے دیکھا ہے، جب سسٹم میں کرپشن اور دوسری برائیاں آجاتی ہیں تو پیسوں کے بغیر لوگوں کے کا م نہیں ہوتے ا ور تبدیلی میں وقت لگتا ہے،مافیا سسٹم کی بحالی میں رکاوٹیں ڈالتا ہے،سٹیٹس کو تبدیلی میں رکاوٹیں لاتا ہے، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی(ایل ڈی اے ) نے سسٹم کو بدلنے کے لئے اچھی کوشش کی ہے جوآٹو میشن کا نظام متعارف کروایا ہے،نقشے پھنس جاتے تھے ، تعمیرات کےلیے اجازت نہیں ملتی تھی، ہر ادارے میں آٹو میشن کی مخالفت کی جاتی ہے کیوں کہ آٹو میشن کی صورت میں مشین رشوت نہیں لیتی اور لوگوں کا کام بھی وقت پر ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں ہر شہری کو صحت کارڈ ملے گا، برطانیہ میں کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں قانون سے بالا ہوں،نئے پاکستان کےلیے ماڈل مدینہ کی ریاست ہے، تعمیراتی شعبہ چل چکاہے، اس سے جڑی مزید صنعتیں بھی چل پڑی ہیں،مارچ میں سب سے زیادہ سیمنٹ کی پیدا وار ہوئی ہے، ہمار اسب سے بڑا چیلنج روزگار ہے جس پرجلد انشااللہ قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے