پاکستان نے جنوبی افریقا کو پہلے ٹی 20 میچ میں 4 وکٹ سے شکست دے دی، محمد رضوان نے 74 رنز کی اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقی ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لیے 189رنز کا ہدف دیا، جو اُس نےآخری اوور کی آخری گیند پر 6 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان نے ٹی 20 میں بڑے ہدف کے تعاقب کا اپنا ہی ریکارڈ توڑدیا، اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے 184رنز کے ہدف کا کامیاب تعاقب کیا تھا۔
گرین شرٹس کی طرف سے محمد رضوان نے 74 رنز کی ناقابل شکست اننگزکے دوران 2 چھکے اور 9 چوکے لگائے اورایک اینڈ کو آخری وقت کا سنبھالے رکھا۔
پاکستان کی طرف سے 189رنز کے ہدف کے تعاقب کے لیے محمد رضوان کپتان بابر اعظم کے ساتھ میدان میں اترے۔
گرین شرٹس کی پہلی وکٹ پانچویں اوور کی 5ویں گیند پر گرگئی،41 کے مجموعے پر بابر اعظم 14رنز بناکر بیورون ہینڈرکس کا شکار بن گئے۔
پاکستانی ٹیم کی دوسری وکٹ 86 کے اسکور پر گری، ان فارم بیٹسمین فخر زمان 27 رنز بناکر تبریز شمسی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
گرین شرٹس کی تیسری وکٹ تجربہ کار محمد حفیظ کی گری، وہ 13رنز بناکر شمسی کی دوسری وکٹ بن گئے، وہ آج اپنا 100واں ٹی 20 میچ کھیل رہے تھے۔
چوتھے آؤ ٹ ہونے والے بیٹسمین حیدر علی 14رنز بناکر بیورون ہینڈرکس کا دوسرا شکار بنے،اسی اوور میں محمد نواز بھی بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔
بیورون ہینڈرکس نے لگاتار دو گیندوں پر 2 وکٹیں کھڑکائیں تو ٹیم کا اسکور15 اعشاریہ 2 اوورز میں 5 وکٹ پر 132رنز تھا، ایسا لگنے لگا تھا کہ شاید میچ پاکستانی ٹیم کے ہاتھ سے پھسل سکتا ہے۔
تاہم بعد آنے والے فہیم اشرف نے 14گیندوں پر30 رنز کی عمدہ باری کھیلی اور ٹیم کی جیت کو اور بھی آسان بنادیا، رہی سہی کسر حسن علی نے پوری کردی ،جنہوں نے 3 گیندوں پر9 رنز بنائے ۔
ایک اینڈ سے وکٹ روک کر74 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے محمد رضوان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل 2018ء میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ٹی 20 میں 184رنزکا ہدف دیا تھا جو اُس نے فخر زمان کی 91، شعیب ملک کی ناقابل شکست 43 رنزکی اننگز کی بدولت 19 اعشاریہ 2 اوورز میں حاصل کرلیا تھا۔