قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل واوڈا کی موجودگی پرالیکشن کمیشن نے پولیس کو انہیں حلقے سے نکالنے کا حکم دے دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے ایس ایس پی کیماڑی اور ایس ایس پی ویسٹ کو خط لکھ کر کہا گیا ہے کہ سینیٹر فیصل واوڈا، ایم پی اے ملک شہزاد اعوان اور ایم پی اے سعید آفریدی کو این اے 249 سے نکالا جائے۔ پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مذکورہ تینوں اراکین کے خلاف کارروائی کی جائے۔ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف کے امیدوار امجد آفریدی کو تیسرا شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے انتخابی ضا بطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سینیٹر فیصل واوڈا کو بھی نوٹس جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے اطلاع ہے کہ آپ حلقے میں تحریک انصاف( پی ٹی آئی) امیدوار کے جلسے میں شرکت کے لیے آرہے ہیں، حلقے میں آپ کی موجودگی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تصور کی جائے گی۔