مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے لندن میں بیٹھ کر سب کو ہرا دیا ، عوام نے اِنہیں ووٹ چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا، جس دن یہ حکومت نہ رہی تو یہ باہر نکل کر اپنی انتخابی مہم کے قابل بھی نہیں رہیں گے ۔جہانگیر ترین سے متعلق مریم نوازنے کہا کہ یہ ان کا آپسی معاملہ ہے ، لیکن جب تک یہ ان کا نمک کھا رہے تھے ، ان کا جہاز استعمال کر رہے تھے ، ان کے پیسوں پر عیش کر رہے تھے تب تک وہ شوگر مافیا نہیں تھے اور آج اچانک آپ کو یاد آگیا کہ وہ شوگرمافیا ہیں ، ان پر مقدمات بنانا یاد آگیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) فروری میں بھی جیت چکی تھی مگر انہوں نے رسوا ہونا زیادہ مناسب سمجھا ، یہ الیکشن کمیشن سمیت ہر جگہ گئے لیکن ہر فورم پر شکست کھانے کے بعد عوام میں آئے اورعوام کے فیصلے نے بھی انہیں الٹے پاوں بھاگنے پر مجبور کیا ۔ مسلم لیگ ن کا شیرازہ بکھیرنے کیلیے تمام قوتیں استعمال کی گئیں ، ٹی وی پرآکر نواز شریف ، رانا ثنا اللہ سمیت ن لیگ کے رہنماوں کی کردار کشی کی گئی لیکن مسلم لیگ (ن ) پہلے سے زیادہ طاقتور ہوئی، الٹا ان کے ایم این ایز، ایم پی ایزان کی حکومت کیخلاف ٹی وی پرآکر بات کررہے ہیں کہ پی ٹی آئی کا کوئی مستقبل نہیں ۔
مریم نواز نے کہا کہ ڈسکہ الیکشن بہت بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ہے ،انہوں نے پوری مشینری ، انتظامیہ اور وسائل کے منہ کھول دیے لیکن ڈسکہ کے عوام نے اپنے ووٹوں پر پہرہ دیا ،جان لیں ان کی حکومت ختم ہو رہی ہے اور طاقت بھی ، ان کے ہتھکنڈوں پرکوئی یقین کرنے کو تیار نہیں ، نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کا ادارہ ہے ، کوئی شک نہیں نیب عمران خان کے کہنے پراس کے مخالفین کو دباتاہے ، یہ لوگ لانگ مارچ سے ڈرتے تھے اس لیے انہوں نے مجھے بلایا مگر حکومت اور نیب میں اتنی سکت نہیںکہ مجھے دبا سکیں ۔