جرمنی میں انتہائی دائیں بازو کے سفید فام دہشت گرد گروپ کے خلاف مقدمے کا آغاز ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جرمنی کے ایک سفید فام دہشت گرد گروپ کے 11 کارندوں کے خلاف مقدمہ شروع ہو گیا ہے، مشتبہ ملزمان کی عمریں 32 سے 61 سال کے درمیان ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دہشت گرد گروپ کے مبینہ کارندوں کو گزشتہ برس فروری میں گرفتار کیا گیا تھا، جرمن استغاثہ کا کہنا ہے کہ ان کا تعلق دہشت گرد گروپ ’ایس‘ سے ہے۔
دہشت گرد گروپ کا 12 واں ساتھی ایک سابق پولیس اہل کار ہے، جس پر گروپ کو معاونت فراہم کرنے کا الزام ہے، اور اس پر بھی مقدمہ چل رہا ہے۔ گروپ کے ارکان پر جو چارج شیٹ لگائی گئی ہے، اس میں کہا گیا ہے کہ وہ جرمنی کی ریاست اور سماجی نظام کو گرانے کا ارادہ رکھتے تھے۔
یاد رہے کہ فروری 2020 میں جرمنی میں نیوزی لینڈ کی طرح مساجد پر دہشت گردانہ حملوں کا منصوبہ ناکام بنایا گیا تھا، جرمن حکام نے کہا تھا کہ ملزمان نے کئی شہروں میں نماز کے دوران بہ یک وقت خوں ریز حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی میں 12 دہشت گردوں کو گرفتارکرلیا تھا۔