امریکا محازآرائی ترک کرے ورنہ امریکا کے لیے مشکل دور کا آغاز ہوجائے گا، روسی وزیر خارجہ
امریکا محازآرائی ترک کرے ورنہ امریکا کے لیے مشکل دور کا آغاز ہوجائے گا، روسی وزیر خارجہ

روس کا بھی امریکا پر پابندیاں لگانے اور سفارتکاروں کو نکالنے کا فیصلہ

ماسکو: امریکی پابندیوں کے جواب میں روس نے بھی امریکی سفارتکاروں کو ملک سے نکالنے اور پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا۔
امریکا کی جانب سے روس پر عائد پابندیوں کے جواب میں روس نے بھی 10 امریکی سفارتکاروں کو ملک سے نکالنے اور 8 امریکی عہدیداروں پر پابندی سمیت امریکی این جی اوز کی ملک میں جاری سرگرمیوں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ جیسی کرنی ویسی بھرنی، ہم امریکی اقدام کا جواب اسی انداز میں دیں گے اور 10 امریکی سفارت کاروں کو ملک سے نکالیں گے، اب وقت آگیا ہے کہ امریکا اچھے رویے کا مظاہرہ کرے اور محاذ آرائی کے راستے سے اجتناب کرے ورنہ ایسے فیصلے لیے جائیں سے جس سے امریکا کے لیے مشکل دور کا آغاز ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے سائبر حملوں اورصدارتی انتخابات میں مداخلت کے خلاف روس پر نئی پابندیاں عائد کرنے اور اس کے سفارت کاروں کو امریکا سے بے دخل کرنے کےایگزیکٹو آڈر پر دستخط کیے تھے۔