قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کو ملک بدرکرنے کے معاملے پر بحث کروانے کیلیے پیش کی گئی قرارداد کثرت رائے سے منظورکرلی گئی ہے تاہم اس کے بعد اظہار خیال کے دوران سابق وزیراعظم اور اسپیکرکے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی اور سخت جملوں کا تبادلہ کیا گیا ۔
شاہد خاقا ن عباسی اسپیکر ڈائس کے قریب پہنچے اور کہنے لگے کہ ” آپ کو شرم آنی چاہیے میں جوتا اتار کر ماروں گا “ اسپیکر اسد قیصر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ ہمیشہ ایسا ہی کرتے ہیں اپنی حد میں رہیں ، میں بھی وہی کام کروں گا ، اپنی زبان درست کریں اور حد میں رہیں ، اپنی نشست پر واپس جا کر بیٹھیں “۔ ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ شاہد خاقان عباسی نے ’ جوتامارنے‘ کے الفاظ کس کیلیے ادا کیے ہیں ۔
اس کے بعد شاہد خاقان عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں سیرحاصل بحث ہوگی، پوراایوان تحفظ ناموس رسالت پرمتفق ہوگا،خصوصی کمیٹی کی ضرورت نہیں بلکہ پورا ایوان ہی کمیٹی ہو گی ، ہمیں ایک گھنٹے کا وقت دیا جائے ، قرار دادکا جائزہ لے کر پھر واپس آئیں گے،آپ نے ایوان کومفلوج کرکے رکھ دیا ، اکھاڑا بنا دیا ہے،قرار دادمتفقہ ہونی چاہیے،تحفظ ناموس رسالت پرپوراپاکستان یک زبان ہے۔