بینظیرانکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن کے ریفرنس میں فرزانہ راجہ کو بذریعہ اشتہار پیش ہونے کا نوٹس جاری کرنے کا حکم دےد یا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق بینظیرانکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن کے ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج اصغرعلی نے کی ۔ عدالت نے سابق چیئرپرسن بینظیرانکم سپورٹ پروگرام ( بی آئی ایس پی ) کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرد ی اورکہا کہ جب سے ریفرنس آیا ہے فرزانہ راجہ ایک بار بھی پیش نہیں ہوئیں،ایسا نہیں ہو سکتا کہ وہ بیرون ملک بیٹھی رہیں اور ہم استثنیٰ دیتے رہیں ۔
عدالت نے فرزانہ راجہ کو بذریعہ اشتہار ایک ماہ کے اندرعدالت پیش ہونے کا نوٹس جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ 24مئی تک فرزانہ راجہ پیش ہوں ورنہ اشتہاری قرار پائیں گی ۔