بھارت بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں طوفان جیسی تیزی کے باعث ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا۔
بھارت میں کورونا وائرس کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، ایک دن میں کیسز کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے،ملک کا نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے، آکسیجن کی قلت ہے،مریض تڑپ تڑپ کر جان کی بازی ہار رہے ہیں۔
بھارت میں کورونا وائرس کی کیسزکی تعداد میں بڑھنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صورتحال کا بغور جائزہ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی کا وفد کا 26 اپریل کا دورہ بھارت بھی خطرے میں پڑ گیا۔ آئی سی سی نے وفد کا موجودہ صورتحال میں بھارت جانا چیلنج قرار دیدیا ۔
آئی س سی کے مطابق ٹیموں اور براڈ کاسٹرز، صحافیوں صحت اور حفاظت کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا ۔ آئی سی سی کے لیے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا انعقاد ایک بہت بڑا چیلنج بن گیا۔
آئی سی سی وفد نے ورلڈ کپ کے لیے بھارت کے 9 مجوزہ وینیوز کا بھی جائزہ لینا ہے، آئی سی سی جائزہ لینے کے بعد وینیوز کا حتمی فیصلہ کرے گا۔
یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ اکتوبر، نومبر میں بھارت میں کھیلا جانا ہے۔ احمد آباد کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی کیلئے تجویز کیا گیا ہے۔ بنگلور، چنئی، دہلی، دھرم شالا، حیدر آباد، کولکتہ میزبان شہروں کی تجاویز میں شامل ہے، ممبئی اور لکھنو شہر بھی ورلڈ کپ مقابلوں کی میزبانوں کی ابتدائی فہرست میں شامل ہیں۔