بھارت میں پولیس اہلکاروں نے مسلمانوں سے مساجد میں کرونا سے بچاؤ کی دعا کرانے کی اپیل کردی۔
سوشل میڈیا پر ان دنوں بھارتی پولیس اہل کاروں کی ویڈیوز کوب وائرل ہو رہی ہیں، جس میں وہ مسلمانوں سے کرونا کے خاتمے کی دعائیں کرانے کی اپیل کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری ان ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہل کار ہاتھوں میں لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے مسلمانوں سے مساجد میں کرونا کے خاتمے اور بچاؤ کیلئے خصوصی دعا کرانے کیلئے اپیل کر رہے ہیں۔ پولیس اہل کار مسلم اکثریتی علاقے میں لاؤڈ اسپیکر پر کہنا تھا کہ میں نے سنا ہے کہ تراویح کی نماز میں دعا جلدی قبول ہوتی ہے، آپ لوگ اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ کرونا کو جلدی ختم کردیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں کرونا وائرس سے متاثرہ کیسز میں یومیہ ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر پاکستان کے ٹوئٹرٹرینڈ پر انڈیا نیڈزآکسیجن، انڈیا لائیوزمیٹر اور پرئینگ فارانڈیا‘ ٹاپ ٹرینڈز رہے۔
بھارت میں اس وقت کرونا وبا کے باعث بدترین صورتحال میں ہے۔ کئی ریاستوں میں اسپتالوں میں کرونا متاثرین کے لیے جگہ نہیں، جب کہ کئی اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی سے مریض جان کی بازی ہاررہے ہیں۔
بھارتی حکومت نے 3 ریاستوں میں ویک اینڈ لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔ آکسیجن کی قلت اور کمی کے باعث پاکستان سے ایدھی فاؤنڈیشن نے بھارت کو مدد کی پیشکش کی ہے۔
فیصل ایدھی کی جانب سے لکھے گئے خط میں خیرسگالی کے جذبے کے تحت بھارت میں کرونا کے مریضوں کیلئے 50 ایمبولینسز فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔ ایدھی فاونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے نام خط میں لکھا ہے کہ وہ ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز کی ٹیم بھیجنے کیلئے بھی تیار ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ میں فیصل ایدھی، فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کا سربراہ، ذاتی طور پر بھارت کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے انسانیت کی خدمت کی غرض سے ٹیم بھیجنے کی پیشکش کرتا ہوں۔ ہماری ٹیم کو کسی بھی طرح کی غذا یا دیگر سہولیات کا تقاضا نہیں کرتی بس ہمیں بھارت میں داخلے کی اجازت دی جائے تاکہ ہم انسانیت کی خدمت میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔
کرونا وائرس کی تیزی سے پھیلتی ہوئی دوسری لہر کے سبب کئی ممالک نے بھارت سے آنے جانے والی مسافر پروازوں پر پابندی کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ کینیڈا نے بھارت سے آنے والی تمام پروازوں پر آئندہ 30 دن کیلئے پابندی کا اعلان کر دیا ہے جبکہ جمعرات کے روز متحدہ عرب امارات نے بھارت سے آنے والی تمام پروازں پر دس روز کے لیے پابندی لگا دی تھی۔ اس پابندی کا اطلاق اتوار پچیس اپریل سے ہوگا۔
آسٹریلیا نے بھی اپنی مسافر پروازں میں کمی کا اعلان کیا ہے، جب کہ نیوزی لینڈ اور ہانگ کانگ نے پہلے ہی بھارت کے لیے تمام پروازیں معطل کر رکھی ہیں۔ امریکا اور برطانیہ جیسے کئی ممالک نے اپنے شہریوں کو بھارت کا سفر نا کرنے کی ہدایت کی ہے۔