بھارت میں مہلک کورونا وائرس کی تیسری لہر نے تباہی مچا دی، گزشتہ 24گھنٹوں میں مزید دو ہزار 806 ہلاکتیں ہو گئیں ،مجموعی ہلاکتیں ایک لاکھ 95 ہزار سے تجاوزکرچکی ہیں۔
بھارت کا ہیلتھ سسٹم کورونا کے قہر میں بہہ گیا،مسلسل پانچویں روز 3 لاکھ 52 ہزار سے زائد مریض سامنے آئے ہیں ، بھارت میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 73 لاکھ 13 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔
بھارت میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والا شہر دارالحکومت نئی دلی ہے جہاں ہسپتالوں میں مریضوں کیلیے گنجائش ختم ہو چکی ہے ، آکسیجن کی شدید قلت کا بھی سامنا ہے ،حالات اس نہج تک پہنچ چکے ہیں کہ ہسپتال انتظامیہ نے ہاتھ کھڑے کر دیے اور لواحقین اپنی مدد آپ کے تحت آکسیجن کا بندوبست کر رہے ہیں ۔
ادھر بھارت کے مختلف شہروں کے شمشان گھاٹوں میں لاشوں کو جلانے کا سلسلہ 24 گھنٹے بلاتعطل جاری ہے۔ ہسپتالوں میں جگہ نہ ہونے کے باعث مریض فٹ پاتھوں پر دم توڑ رہے ہیں جبکہ ان کے لواحقین کی آہ و بکا سے فضا سوگوار ہے ۔