نیب نے ہائی کورٹ سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کردی ہے ۔
جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے فاضل بینچ نے نواز شریف،مریم نواز،کیپٹن صفدر کی احتساب عدالت سے سزائوں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت نیب کی طرف سے کوئی پیش نہ ہونے پرعدالت عالیہ نے حیرانی کا اظہارکیا۔ جس پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ نیب موجود ہی نہیں؟ نیب نے ہی تو درخواست دی تھی، کیا نیب کو کورونا ہو گیا ہے؟.
عدالت نے مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کی جانب سے اپیلوں کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست منظورکرلی۔ کیس کی سماعت اب ایک ماہ بعد ہوگی ۔
بعد ازاں نیب حکام اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے اور نیب پراسیکیوٹرجہانزیب بھروانہ نے نواز شریف کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کردی۔ جس پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ نواز شریف العزیزیہ ریفرنس میں اشتہاری ہوچکے،عدالتی معاونت کون کرے گا؟ نیب اور نواز شریف کے وکیل دونوں عدالت کی معاونت کریں کہ کیسے نمائندہ مقررکیا جائے۔