کراچی میں دو روز کے دوران مرغی کی فی کلو قیمت میں 100 روپے کا ہوش ربا اضافہ کر دیا گیا۔ پیر تک مرغی کا جو گوشت 400 روپے فی کلو بک رہا تھا وہ 500 روپے کلو تک پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہر قائد میں قیمتوں کے حوالے انتظامیہ کی کارکردگی نمائشی ہے۔ تین کروڑ کی آبادی کے حامل شہر میں انتظامی افسران سو پچاس دکانوں کو محض چند ہزار روپے جرمانہ کرکے خود کو اپنی ذمہ داریوں سے آزاد کرلیتے ہیں۔ مضافاتی علاقوں میں انتظامی رٹ صفر پر پہنچ گئی ہے جہاں چکن کی قیمت 500روپے سے بھی زائد ہے، اسی طرح فی درجن انڈے بھی 180روپے تک فروخت کیے جارہے ہیں۔
عوام نے وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ناجائز منافع خوری کی شکایت کے لیے فعال سیل کا انتظام کریں جو مہنگائی کے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کرے۔