رپورٹ:خالد سلمان
پابندی کے باوجود ہوٹل میں شادی کی تقریب میں پولیس کا دھاوا، پولیس نے دلہا کے والد سمیت دو افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پریڈی کے علاقے صدر میں واقع نجی ہوٹل میں ہونے والی شادی کی تقریب میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دلہا کے والد اور ہوٹل منیجر کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
اس حوالے سے پریڈی پولیس کا کہنا تھا کہ صدر میں واقع نوبہار ہوٹل میں کورونا ایس او پیز کی خلاف وورزی کرتے ہوئے شادی کی تقریب جاری تھی جہاں 250 سے زائد باراتی موجود تھے، اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی تو دلہا اور دلہن باراتیوں کے ہمراہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم پولیس نے موقع سے دلہا کے والد اور ہوٹل مینیجر کو گرفتار کرکے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس کے مطابق ہوٹل مالک کی جانب سے لاک ڈائون میں اضافی رقم وصول کرکے شادی کی تقریب کی اجازت دی گئی تھی، واضح رہے کہ کورونا پھیلائوں روکنے کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے سندھ بھر میں دفعہ 144 کے تحت تمام تقریبات پر پابندی عائد کی گئی ہے۔