بین الاقوامی انسانی حقوق کے تحت ایسی تمام حرکتیں غیرقانونی ہیں جن سے علاقے میں صرف تناؤ میں ہی اضافہ ہوتا ہے، ترجمان
بین الاقوامی انسانی حقوق کے تحت ایسی تمام حرکتیں غیرقانونی ہیں جن سے علاقے میں صرف تناؤ میں ہی اضافہ ہوتا ہے، ترجمان

یورپین یونین کا اسرائیل سے یروشلم میں کشیدگی کو دور کرنے کا مطالبہ

یورپین یونین نے اسرائیلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یروشلم میں موجود کشیدگی کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر کارروائی کرے۔
اس حوالے سے جاری کردہ ایک بیان میں یورپین خارجہ امور کے ترجمان پیٹر سٹانو نے کہا کہ گذشتہ دنوں سے مقبوضہ مغربی کنارے خصوصاً مشرقی یروشلم میں تناؤ اور تشدد خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے، گذشتہ رات بھی مسجد اقصٰی کے ارد گرد شدید جھڑپیں دیکھنے میں آئیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ترجمان نے کہا کہ تشدد اور اشتعال انگیزی ناقابلِ قبول ہے اور اس کے تمام مجرموں کو جوابدہ ہونا چاہیے، اس لیے حکام موجودہ کشیدگی کو دور کرنے کے لیے فوری کاروائی کریں اور اشتعال انگیز اقدامات سے اجتناب کرتے ہوئے اسٹیٹس کو کا احترام کریں۔
اس موقع پر ترجمان پیٹر سٹانو نے ہر طرف کے سیاسی، مذہبی اور سماجی رہنماؤں سے کہا کہ وہ تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اس غیر یقینی صورتحال کو پرسکون کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔
دوسری جانب ترجمان نے مشرقی یروشلم کے شیخ جرارہ اور دیگر علاقوں میں فلسطینی خاندانوں کی بےدخلی کے حوالے سے صورتحال پر بھی تشویش ظاہر کی۔
ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے تحت ایسی تمام حرکتیں غیرقانونی ہیں جن سے علاقے میں صرف تناؤ میں ہی اضافہ ہوتا ہے۔