ہرارے: دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز قومی ٹیم کی زمبابوے کے خلاف بیٹنگ جاری ہے جب کہ عابد علی ڈبل سنچری بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
ہرارے میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ جاری ہے، گزشتہ روز کھیل کے پہلے دن قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا آغاز کیا اور دن کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے، اظہر علی اور عابد علی نے شاندار اننگز کا مظاہرہ کیا اور سنچریاں مکمل کیں تاہم اظہر علی 126 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اوپننگ بلے باز عابد علی نے کھیل کے دوسرے روز بھی اپنی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 393 گیندوں پر ڈبل سنچری اسکور کی جس میں انہوں نے 27 چوکے لگائے۔
اوپنر عابد علی نے کریئر کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کی وہ ہرارے میں ڈبل سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بن گئے۔ اس سے قبل سابق کپتان اور موجودہ بیٹنگ کوچ یونس خان نے 2013 میں ڈبل سنچری اسکور کی تھی۔
واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کو 0-1 کی برتری حاصل ہے، پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں زمبابوے کو ایک اننگز 116 رنز سے شکست دی تھی۔