نیوزی لینڈ میں چاقو بردار شخص نے بازار میں خریداری کرنے والوں پر حملہ کرکے متعدد افراد کو زخمی کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چاقو زنی کی واردات جنوبی نیوزی لینڈ کے شہر ڈینیڈن کی ایک کاؤنٹی میں واقع سپر مارکیٹ میں پیش آئی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نامعلوم شخص سپر مارکیٹ میں داخل ہوا، جس کے دونوں ہاتھوں میں چھریاں تھی اوراس نے مارکیٹ اسٹاف پر چھریوں سے وار کرنا شروع کردیا۔
حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ تین زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔
پولیس نے مسلح شخص کو گرفتار کرکے تفتیش کےلیے تھانے منتقل کردیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ واردات کے پیچھے کیا محرکات ہیں تاحال معلوم نہیں ہوسکا البتہ چاقو زنی کی واردات دہشت گردانہ حملہ نہیں۔