دنیا بھر میں مختصر ویڈیو سے چھا جانے اور شیئرکرنے والی ایپ ٹک ٹاک ایک بار پھر فیس بک کو ٹکر دینے کے لیے تیار ہے۔
یورپ میں ٹک ٹاک کے ذریعے اشیا کی خریدوفروخت کی آزمائش شروع کردی ہے۔ اس بار دونوں کمپنیوں کے درمیان آن لائن شاپنگ پرمقابلہ ہوگا۔
ٹک ٹاک نے یورپ کے مشہور برانڈز کے ساتھ مل کر طریقہ کارپرکام شروع کر دیا ہے۔تاکہ صارفین ایپ کے اندر ہی اشیا خرید سکیں۔
فی الحال آن لائن شاپنگ کا فیچر محدود افراد کو ہی ٹک ٹاک پر دستیاب ہے۔ جن افراد کو یہ فیچر دستیاب ہے ان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ میں متعدد کمپنیوں کی مصنوعات اور ان کی قیمتیں نظر آتی ہیں۔
ٹک ٹاک کی ملکیت رکھنے والی کمپنی بائیٹ ڈانس کو توقع ہے کہ مارکیٹ میں حصص کی فروخت سے قبل ای کامرس کے شعبے میں کامیابی حاصل ہو جائے گی۔ کمپنی کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق ٹک ٹاک میں ای کامرس فیچر کو ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔
قبل ازیں ٹک ٹاک میں شاپنگ کے متعلق صرف اشتہارات دکھائے جاتے تھے لیکن اب کمپنی نے شاپنگ کی سہولت دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔