انڈونیشیا میں سیلفی لینے کی کوشش کے دوران کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں 7 افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے جاوا جزیرے میں 20 سیاح کشتی کی ایک جانب جمع ہو کر سیلفی لے رہے تھے جس کی وجہ سے کشتی توازن برقرار نہ رکھ سکی اور الٹ گئی۔ریسکیو اداروں کے غوطہ خوروں نے 11 افراد کو بحفاظت نکال لیا جب کہ 7 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جب کہ 2 افراد لاپتہ ہیں۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کشتی میں گنجائش سے زیادہ افراد کا سوار ہونا تھا جب کہ کشتی کو ایک 13 سالہ بچہ چلا رہا تھا۔ 17 ہزار سے زائد جزیروں والا ملک انڈونیشیا میں کشتی حادثات کے واقعات عام ہیں۔واضح رہے کہ رواں برس اپریل میں اسی جزیرے میں ماہی گیروں کی کشتی ٹکرانے کے بعد 30 افراد ڈوب گئے تھے جن میں صرف 17 کی لاشیں نکال جاسکی تھیں لیکن 13 افراد کا کوئی پتہ نہیں چل سکا تھا۔