سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک سفرکرنے والوں کی ٹکٹ پر مزید 600 روپے کے نئے ٹیکس عائد کر دیے ۔
جن مسافروں نے اپنے ٹکٹ 17 مئی سے قبل خریدے ہوئے ہیں وہ ایئر پورٹ پہنچنے پر600 روپے ادا کریں گے ، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ٹکٹ پر100 روپے سیکیورٹی فیس اور500 روپے ایمبارکشن فیس لی جائے گی۔ 17مئی کے بعد خریدے گئے ٹکٹ میں اضافی ٹیکس شامل ہے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ پہلے سے خریدے گئے فضائی ٹکٹ پر600 روپے کا ٹیکس لگانا ناانصافی ہے اور پہلے سے خریدے گئے ٹکٹ پر اضافی چارجز کیسے لگائے جاسکتے ہیں۔ دوسری جانب پی آئی اے کی جانب سے کراچی سے ژوب کیلیے ہفتہ وار دو پرواز وں کا آغازکردیا گیا۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان کے مطابق پہلی پرواز منگل کی صبح کراچی سے ژوب کیلیے روانہ ہوئی، جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر پروازکی روانگی سے قبل ایک افتتاحی تقریب منعقد کی گئی اورکیک کاٹا گیا،پروازکے آغاز پر مسافروں نے سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک اورایئرلائن انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔