مسلم لیگ( ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ چوہدری نثارکا مسلم لیگ ن سے کوئی تعلق نہیں، میں کسی ایسے شخص کے بارے میں بات نہیں کرسکتی جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔
اسلام آباد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نوازکا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے گزشتہ روزبطوراپوزیشن لیڈراراکین اسمبلی کو عشائیہ دیا ہے جس کا مقصد بجٹ پر مشاورت اور حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں پرگفتگو تھی۔میں کوئی پارلیمنٹیرین نہیں ہوں اس لیے میری شرکت ضروری نہی تھی ، جہاں شہباز شریف موجود ہوں وہاں میرا موجود ضروری نہیں اور میری موجودگی نہ ہونے کو ایشو بھی نہیں بنایا جانا چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) میں کوئی نیا اتحاد تشکیل نہیں دیا جارہا اور نہ ہی اپوزیشن الائنس ختم ہوا ہے۔ پی ڈی ایم نے رمضان المبارک کے بعداجلاس کافیصلہ کیاتھا جو آئندہ چند روزمیں منعقد ہوگا۔ پی ڈی ایم کے موقف میں بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ، شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ ن اور میرے موقف کو بیان کیا ہے۔
لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ حکومت چار سال سے بس پلان بناتی جارہی ہے مگرعملاً کچھ بھی نہیں کرسکی ،آپ میرے ساتھ کسی بھی بازار میں چلیں میں دکھاتی ہوں آپ کو کہ لوگ کیسے حکومت کو برا بھلا کہ رہے ہیں ، ہرطبقہ مہنگائی سے متاثرہے، لوگ تباہ حال ہو گئے ہیں اورعمران خان کو بد دعائیں دے رہے ہیں۔ دارلحکومت میں چندسٹالزخالی کراکردورہ کرنے سے مہنگائی کے حالات کاپتہ نہیں چلتا،جھوٹ بول کرگروتھ کے اعدادوشماردیئے جارہے ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کو گرانے کے لیے ہمیں کسی نمبر کی ضرورت نہیں ہمارے پاس پہلے ہی نمبرز سے زیادہ تعداد موجود ہے۔