وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ تمام ادارے ایک لائن لینتھ پرکام کر رہے ہیں ، کچے کے علاقے سے ڈاکوؤں کا خاتمہ کردیں گے ،وفاق گورنر راج یا کسی بھی دوسرے طریقے سے سندھ میں مداخلت نہیں کرنا چاہتا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ طے ہوا ہے صوبہ اور مرکز مل کر ڈاکوؤں کا خاتمہ کرے گا ، سندھ حکومت کی صوابدید ہے جہاں چاہے رینجرز استعمال کر سکتے ہیں ، سندھ پولیس کو جس طرح کے اسلحے کی ضرورت ہوگی ہم فراہم کریں گے ، کچے کے علاقے میں بعض ایسے لوگ ہیں جن کی سیاسی دلچسپی ہے ، ناردا میں کرپٹ لوگوں کے خلاف کراچی میں جھاڑو پھیریں گے ۔
ایک اور سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے کسی کو کوئی ائیر بیس نہیں دی جا رہی ، عمران خان کی موجودگی میں کسی کو کوئی فوجی اڈا نہیں دیا جائے گا، افغانستان میں امریکا ، روس چین اور پاکستان متفقہ مکینزم رکھیں گے۔
وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ میں امن و امان کو تباہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اور صوبے کا امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئیے تمام تر اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔